نئی دہلی ، 22 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں و کشمیر حکومت نے سپریم کورٹ سے جموں جیل میں بند 7 پاکستانی دہشت گردوں کو تہاڑ جیل ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے کہا کہ یہ دہشت گرد جیل میں بند مقامی قیدیوں کا برین وا ش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔جسٹس ایلین راؤ اور ایم آر شاہ کی بنچ نے مرکز اور دہلی حکومت سے اس سلسلے میں جواب مانگا ہے۔جموں و کشمیر حکومت کا موقف رکھنے کے لئے پیش ہوئے ا سٹینڈنگ کونسل شعیب عالم نے کہا کہ مختلف دہشت گرد تنظیموں سے منسلک یہ 7 قیدی جیل میں بند مقامی قیدیوں کی ذہن سازی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،لہذا انہیں جموں جیل کے بجائے کہیں اور منتقل کئے جانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عدالت سے کہا کہ ان دہشت گردوں کو اگر تہاڑ جیل نہیں بھیجا جا سکتا تو پنجاب یا ہریانہ کی کسی اعلی سیکورٹی حاصل جیل میں بھیجا جانا چاہیے۔اس پر بنچ نے کہا کہ وہ اس پر سماعت کرے گی اورعالم سے قیدیوں کے نوٹس کی کاپی بھی بھیجنے کی بات کہی۔بتا دیں کہ 14 فروری کی شام کو پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر حملے کے اگلے دن ریاستی حکومت نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد زاہد فاروق کو جموں جیل سے باہر کیا جائے۔سرحدکو پار کرہندوستان میں دراندازی کرنے کی کوشش میں 19 مئی، 2016 کو ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے اسے دبوچ لیا تھا۔